نئی دہلی، 16 جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) دہلی میں منگل کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ ہوئی۔اس میٹنگ میں مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی صدر امت شاہ، ایگزیکٹو چیئرمین جے پی نڈڈا، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی، وزیر خارجہ ایس جے شنکر، مرکزی وزیر وی مرلی دھرن سمیت کئی لیڈر موجود رہے۔میٹنگ میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے تمام ممبران پارلیمنٹ کو وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی خطاب کیا۔میٹنگ میں وزیر اعظم نے کہا کہ سیاست سے ہٹ کر ممبران پارلیمنٹ کو کام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے سامنے پانی کا بحران ہے، تو اس کے لئے بھی ممبران پارلیمنٹ کو کام کرنا چاہئے۔وزیر اعظم نے کہاکہ اپنے علاقے کے حکام کے ساتھ ملاقات کرکے عوام کے مسائل کے بارے میں بات کرنی چاہئے۔ممبران پارلیمنٹ اور وزراء کو پارلیمنٹ میں رہنا چاہئے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بی جے پی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں کہا کہ جو وزیر روسٹر ڈیوٹی میں شریک نہیں ہوتے ہیں، ان کے بارے میں اسی دن شام تک مجھے بتایا جائے۔پی ایم مودی نے ممبران پارلیمنٹ کو کہا کہ سرکاری کام اور منصوبہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، سماجی کاموں میں حصہ لیں، جب پارلیمنٹ چل رہی ہو تو ایوان میں موجود رہیں۔وزیراعظم نے کہاہے کہ ممبران پارلیمنٹ کو اپنے علاقے میں جاکر حکومت کی منصوبہ بندی کے بارے میں عوام کو بتاناچاہیے۔پہلی جوچھاپ ہوتی ہے وہی آخری چھاپ ہوتی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ سیاست سے ہٹ کر بھی ممبران پارلیمنٹ کو کام کرناچاہیے۔وزیر اعظم نے مشورہ دیا کہ ایم پی اپنے پارلیمانی حلقہ کے لئے کوئی ایک تعمیری کام کریں۔ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں۔